بھارت کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے، تحقیقات کیلئے کمیشن بنایا جائے: شاہ محمود

جنیوا: (کوہ نور نیوز) جنیوا میں شاہ محمود قریشی کا کشمیریوں کے حق میں اور بھارتی مظالم کے خلاف دبنگ خطاب، انسانی حقوق کونسل میں پاکستانی وفد کی قیادت کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کشمیر کی اصل صورت حال دنیا کے سامنے رکھ دی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا دیا ہے۔ بھارت نے 6 ہفتے سے وادی کو محصور کر کے حریت قیادت کو نظربند کر رکھا ہے، کشمیرمیں قبرستان جیسی خاموشی ہے۔ انہوں نے مزید کہا بھارت کادعویٰ غلط ہے کہ کشمیر اس کا اندرونی معاملہ ہے، بھارت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دہشت گردی قرار دے کر مسئلے پر پردہ ڈالنا چاہتا ہے، بھارت کشمیریوں کی اکثریت کواقلیت میں بدل رہا ہے، انسانی حقوق کونسل میں کشمیریوں کا مقدمہ لے کر آئے ہیں، بھارت کو عالمی قوانین کی خلاف ورزیوں سے فوری روکا جائے۔