کاغذ پر بنے سکیچز کے ڈیزائن والے انوکھے ریسٹورنٹ کی دھوم

ٹوکیو: (کوہ نور نیوز، ویب ڈیسک) جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں ایک ایسا ریسٹورنٹ ہے جسے کاغذ پر بنے سکیچز کے ڈیزائن کے تحت بنایا گیا ہے، اس کی تصاویر دیکھ کر ایسا ہی لگتا ہے کہ کاغذ سے بنی ہوئی تصاویر ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اس ریسٹورنٹ میں دیواروں، فرش، میزوں، کرسیوں اور برتنوں تک کو اس انداز سے ڈیزائن کیا گیا ہے کہ کسی بھی زاویئے سے دیکھنے پر وہ کاغذ پر بنے سکیچ کی طرح نظر آتے ہیں۔ ٹوکیو کے علاقے شِن اوبیوکو میں کھلنے والا ٹو ڈی کیفے نامی ریسٹورنٹ سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے اور اس کی تصویریں خوب پسند کی جا رہی ہیں۔ یہ اپنی نوعیت کا پہلا ریسٹورنٹ نہیں بلکہ اسے جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول میں موجود کیفے یی اونام ڈونگ کے ڈیزائن سے متاثر ہو کر بنایا گیا، ان دونوں جگہوں میں غیرمعمولی مشابہت دکھائی دیتی ہے۔