عبدالعلیم خان کو پنجاب کابینہ کا حصہ بنانے کا فیصلہ

لاہور: (کوہ نور نیوز) عبدالعلیم خان کو پنجاب کابینہ کا حصہ بنانے کا فیصلہ، وزیراعظم نے علیم خان کو کابینہ کا حصہ بنانے کی منظوری دیدی، عبدالعلیم خان کو بلدیات کی وزارت دئیے جانے کا امکان ہے۔ ادھر وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورہ پر لاہور پہنچے جہاں عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب نے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے عمران خان کو پنجاب کی سالانہ کارکردگی پر بریفنگ دی۔ سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار بڑے پیمانے پر قانون سازی ہوئی، اربوں روپے مالیت کی 9 لاکھ کنال زمین قبضہ مافیا سے واگزار کروائی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے پنجاب حکومت کی بتائی گئی کارکردگی کی تعریف کی۔ وزیرا عظم نے پنجاب کابینہ کے اراکین کی کارکردگی رپورٹس بھی منگوا لیں۔ بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان گورنر ہاؤس میں انٹر نیشنل سکھ کنونشن سے خطاب بھی کریں گے۔ وزیر اعظم کے دورہ لاہور کے دوران خالی وزارتوں کو پر کرنے کے حوالے سے بھی غور کیا جائے گا۔