پی سی بی سری لنکا کے دورہ پاکستان کو یادگار بنانے کیلئے سرگرم

لاہور: (کوہ نور نیوز) میڈیا رپورٹ کے مطابق اس سلسلے میں کوارڈی نیشن کمیٹی کا اہم اجلاس آج پی سی بی ہیڈکوارٹرز میں ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق سری لنکا کے دورہ پاکستان میں ہونیوالی ون ڈے اور ٹی 20 سیریز کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے کوارڈی نیشن کمیٹی کا اہم اجلاس آج طلب کیا گیا ہے ۔ وسیم خان کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں مہمان ٹیم کے سکیورٹی انتظامات سمیت ہر ڈیپارٹمنٹ اپنی تیاریوں پر بریفنگ دے گا اور مختلف تجاویز پر مشاورت ہو گی۔ شائقین کرکٹ کیلئے ٹکٹوں کی فروخت کب شروع ہو گی ٹکٹ کی قیمت کیا رکھی جائے، اس پر بھی حتمی فیصلہ آج کے اجلاس میں ہی متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق مہمان ٹیم کو صدارتی لیول کی سکیورٹی فراہم کی جائے گی، سری لنکن ٹیم کی 25 ستمبر کو کراچی آمد متوقع ہے ، اگلے روز دونوں ٹیموں کے کھلاڑی نیشنل سٹیڈیم میں پریکٹس کریں گے۔ دونوں ٹیموں کے کپتان 26 ستمبر کو پریس کانفرنس کریں گے اور 27 ستمبر کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ون ڈے میچ کھیلاجائے گا۔ 3 اکتوبر کو دونوں ٹیمیں لاہور پہنچیں گی جہاں 4 اکتوبر کو پریکٹس سیشن کے حوالے سے بھی آج اجلاس میں بریفنگ دی جائے گی، قذافی سٹیڈیم میں 5 اکتوبر کو پہلے ٹی ٹونٹی کا میلہ سجے گا۔