سوشل میڈیا پر حمزہ علی عباسی کی اداکارہ نیمل خاور کے ساتھ شادی کی خبریں گرم

کراچی: (کوہ نور نیوز) سوشل میڈیا پر حمزہ علی عباسی کی اداکارہ نیمل خاور کے ساتھ شادی کی افواہیں گردش کررہی ہیں۔ پاکستان کے فاسٹ بولر حسن علی کی شادی کے چرچے ابھی تھمے نہیں ہیں کہ پاکستان کے پُرکشش اور وجیہہ اداکار و میزبان حمزہ علی عباسی کی شادی کی افواہوں نے ہلچل مچادی ہے۔ سوشل میڈیا پر حمزہ علی عباسی کی شادی کے کارڈ کی تصویر وائرل ہورہی ہے جس کے مطابق اداکار حمزہ اداکارہ نیمل خاور کے ساتھ رواں ماہ کی 25 تاریخ کو شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے جب کہ دونوں کا ولیمہ 26 تاریخ کوہوگا۔ واضح رہے کہ اداکارہ نیمل خاور ہدایت کار شعیب منصور کی فلم ’’ورنہ‘‘ میں نظر آئی تھیں جب کہ ان دنوں وہ ڈراما سیریل ’’انا‘‘ میں ازا کے کردار میں نظر آرہی ہیں۔ اس کے علاوہ نیمل مصور بھی ہیں۔ اداکار حمزہ علی عباسی اور نیمل خاور کی آرٹ ایگزیبیشن میں لی گئی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔