مقبوضہ کشمیر کی صورتحال: وزارت خارجہ میں کشمیر سیل بنانے کا فیصلہ

اسلام آباد: (کوہ نور نیوز) مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر وزارت خارجہ میں کشمیر سیل بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تمام سفارتخانوں میں کشمیر ڈیسک بنائے جائیں گے، سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر اٹھنے پر بھارت چونک گیا، ایک لمبی لڑائی ہے جو ہمیں ہر محاذ پر لڑنی ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کشمیر کمیٹی اجلاس میں تمام افراد نے اپنا موقف دیا، کشمیر کمیٹی اجلاس میں اپوزیشن کو بھی نمائندگی دی، مسئلہ کشمیر کو سب سے بڑے فورم پر اٹھایا گیا، 5 دہائیوں بعد سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر کو اٹھایا گیا، مسئلہ کشمیر پر پوری قوم متحد ہے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا سلامتی کونسل کا اجلاس حوصلہ افزا ہے، پارلیمنٹ نے مشترکہ اجلاس میں متفقہ قرارداد منظور کی، وزیراعظم نے کشمیر کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کمیٹی تشکیل دی، مودی نے نہرو کے بھارت کو دفن کر دیا ہے، سلامتی کونسل مسئلہ کشمیر حل کرنے کی ذمہ دار ہے، بھارتی مخالفت کے باوجود اجلاس ہونا بڑی کامیابی ہے، نہرو اور مودی کے بھارت میں زمین آسمان کا فرق ہے۔