کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کی جائیں، شیلا جیکسن لی

واشنگٹن: (کوہ نور نیوز) امریکی کانگریس میں پاکستان کاکس کی چیئرپرسن شیلا جیکسن کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پرعملدرآمد کیا جائے۔ تفصیلات کے مطابق امریکی ارکان کانگریس نے مقبوضہ کشمیر میں حالیہ بھارتی اقدام کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کے ساتھ انصاف ہونا چاہیئے۔ امریکی کانگریس میں پاکستان کاکس کی چیئر پرسن شیلا جیکسن لی نے کہا کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کی جائیں، اقوام متحدہ کی قراردادوں پرعملدرآمد کیا جائے۔ ڈیموکریٹ رہنما طاہر جاوید نے کہا کہ پاکستان کاکس مسئلہ کشمیر کانگریس میں اٹھائے گا۔ ڈیموکریٹ رہنما ڈاکٹر آصف قدیر نے کہا کہ کشمیر میں بھارت ظلم وستم کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔ قونصل جنرل ہیوسٹن عائشہ فاروقی نے کہا کہ عالمی برادری کو اس ظلم کے خلاف آواز اٹھانا ہوگی۔ امریکی اخبار نیورک ٹائمز کے مطابق مودی، بی جے پی مقبوضہ کشمیر کی اسمبلی میں اکثریت چاہتی ہے، آرٹیکل 370 کا خاتمہ مقبوضہ کشمیر کے لیے تباہ کن ہے۔ یاد رہے کہ پانچ روز قبل مودی سرکار نے کشمیر کو خصوصی حیثیت دینے والے بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 اے کو ختم کردیا تھا۔ بھارتی اقدام کے خلاف کشمیری عوام سڑکوں پر نکل آئے اور مختلف مقامات پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے 6 کشمیری شہید اور 100 کے قریب زخمی ہوگئے۔