28 روز میں 10 لاکھ سبسکرائبرز، شعیب اختر نے سب سے بڑے یوٹیوبر کا ریکارڈ توڑ ڈالا

لاہور: (کوہ نور نیوز) قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے صرف 28 روز میں 10 لاکھ سبسکرائبرز کر کے سب سے بڑے یوٹیوبر کا ریکارڈ توڑ ڈالا۔ چند روز میں یوٹیوب چینل پر 10 لاکھ سبسکرائبرز کرنے پر شعیب اختر کو گولڈن بٹن بھی پیش کیا گیا۔ کرکٹ کی دنیا میں ’راولپنڈی ایکسپریس‘ کے نام سے پہچانے جانے والے شعیب اختر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے مداحوں کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جن کی وجہ سے میں مجھے یوٹیوب کی جانب سے ’گولڈن بٹن‘ ملا، آپ تمام لوگوں کے لیے بہت سارا پیار۔ انہوں نے کہا کہ نا صرف پاکستان بلکہ دنیا کے دیگر ممالک میں موجود ہر اس مداح کا شکریہ جو مجھے پسند کرتا ہے۔ شعیب اختر نے اس موقع پر یوٹیوب پر ایک ویڈیو بھی پوسٹ کی جس میں انہیں اس ’گولڈن بٹن‘ کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے۔ یاد رہے کہ چند روز پہلے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے اپنا یوٹیوب چینل بنایا جس نے سب سے بڑے یوٹیوبر پیوڈی پائے کا ریکارڈ توڑا اور اتنے کم دنوں میں 10 لاکھ سبسکرائبرز حاصل کیے۔