جاپان کے اسٹوڈیو پر حملہ کرنے والے ملزم کی شناخت ہوگئی

ٹوکیو: (کوہ نور نیوز) جاپان کے شہر کیوٹو کے اسٹوڈیو پر حملہ کرنے والے ملزم کی شناخت کرلی گئی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پولیس نے بتایا کہ ملزم کے کام کی نقل کی جارہی تھی جس کے بعد اس نے کیوٹو شہر میں واقع معروف اینی میشن اسٹوڈیو کو آگ لگانے کے لیے گیسولین کا استعمال کیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت 41 سالہ شنجی اوبا کے نام سے ہوئی اور ملزم کو نامعلوم دماغی امراض کا سامنا ہے۔ مقامی پولیس ترجمان کے مطابق پولیس کو اب تک ملزم اور اسٹوڈیو کے درمیان تعلق معلوم نہیں ہوسکا ہے۔ پولیس کا کہناہےکہ ملزم کو جیسے ہی گرفتار کیا گیا اس نے اپنے کام کے چوری ہونے کے بارے میں بتایا۔ پولیس کے مطابق حملے کے نتیجے میں ملزم خود بری طرح سے زخمی ہے اور اسپتال میں زیر علاج ہے جہاں سکون آور ادویات دینے کی وجہ سے پولیس ملزم سے مزید تفتیش کرنے سے قاصر ہے۔ واضح رہےکہ گزشتہ روز جاپان کے شہر کیوٹو کے معروف اینی میشن اسٹوڈیو پر آتش گیر مادے سے حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں اسٹوڈیو کی تین منزلہ عمارت میں آگ لگ گئی اور واقعے میں 33 افراد ہلاک ہوئے جو جاپان میں 20 سال کے درمیان لوگوں کو قتل کیے جانے کا بڑا واقعہ ہے۔