کرکٹ‌ ورلڈ کپ فائنل:‌ نیوزی لینڈ کا ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

لندن: (کوہ نور نیوز) ورلڈ کپ کے فائنل میں‌ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ مدمقابل ہو گئے. نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کے خلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے. لارڈز کے میدان میں‌ دونوں‌ ٹیمیں‌ آج عالمی کپ کی جنگ جیتنے کی سرتوڑ کوشش کریں‌ گی. کرکٹ کا نیا سلطان کون بنے گا، لارڈ زمیں طویل انتظار کے بعد بالآخر آج فائنل کا میدان سج گیا۔ نیوزی لینڈ اور انگلستان کی ٹیمیں اپنا زور دکھانے کیلئے میدان میں اتر آئیں۔ کیوی کپتان کین ولیم سن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ آج جیت ہماری ہو گی، ٹورنامنٹ اچھا کھیلا۔ آج ٹاس جیت کر پہلے بولنگ یا بیٹنگ کا فیصلہ مشکل تھا تاہم پہلے بیٹنگ کا فیصلہ موسم کے سبب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ لارڈز کے میدان میں ورلڈ کپ کھیلنا ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے۔ قبل ازیں دوںوں ٹیموں نے اپنے اپنے پلان فائنل کر لئے، ولیمسن اور مورگن، دونوں کپتانوں کی ٹرافی پر نظر ہے، ہوم ٹیم کی حوصلہ افزائی کیلئے شائقین بے تاب ہیں۔ سیمی فائنل میں میزبان انگلینڈ نے آسٹریلیا کو شکست دی تھی۔ کیویز نے بھارت کا غرور خاک میں ملا کر آخری معرکے تک رسائی حاصل کی۔ انگلش ٹیم 1992 کے بعد پہلی بار فائنل کھیل رہی ہے۔ انگلینڈ جیتے یا نیوزی لینڈ، 1996 کے بعد پہلی بار کوئی نئی ٹیم کرکٹ کی عالمی چیمپئن بنے گی۔