انگلینڈ بمقابلہ نیوزی لینڈ : دنیائے کرکٹ کا سب سے بڑا مقابلہ آج لارڈز میں ہوگا

لارڈز : (کوہ نور نیوز) آئی سی سی ورلڈ کپ کے فائنل میں نیوزی لینڈ اور انگلینڈ آج لارڈز اسٹیڈیم میں آمنے سامنے آئیں گے، دونوں ٹیموں کیلئے ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچنے کا یہ پہلا موقع ہے۔ تفصیلات کے مطابق لارڈز کے میدان میں آج دنیائے کرکٹ کا سب سے بڑا مقابلہ ہونے جارہا ہے، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں آج لارڈز کے تاریخی میدان میں آمنے سامنے ہوں گی، دونوں کی ٹیموں میں یہ بات مشترک ہے کہ دونوں یہ آج تک ورلڈکپ کی فاتح نہیں بن سکی ہیں۔ انگلینڈ کی ٹیم اب تک تین ورلڈ کپ کے فائنل کھیل چکی ہے جبکہ نیوزی لینڈ کا یہ لگاتار دوسرا فائنل ہوگا۔ لارڈز میں 1979میں انگلینڈ کو فائنل میں ویسٹ انڈیز نے شکست دی تھی جبکہ1992 کے فائنل میں پاکستان نے انگلینڈ کو شکست سے دوچار کیا تھا۔ دیکھنا یہ ہے کہ کون بنے گا بڑے میچ کا بڑا کھلاڑی اور دونوں ٹیموں کے کون سے کھلاڑی اپنی ٹیم کو چیمپئن بنا سکتے ہیں، تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عالمی کپ کے فائنل میں انگلش بیٹنگ اور کیوی بولنگ کا مقابلہ ہوگا، دونوں ٹیمون کے کپتان جیت کیلئے پرعزم ہیں۔ انگلش ٹیم کے بلے باز رنز کے انبار لگاتے ہیں اور بڑے بڑے بولرز کی درگت بنادیتے ہیں۔اوپنر جیسن رائے بھی زبردست فارم میں ہیں۔ کپتان مورگن اور جوز بٹلر بھی چھکے لگاتے ہیں، ٹیم کو میچ جتواتے ہیں جبکہ نیوزی لینڈ کی بولنگ بھی بڑوں بڑوں کو بریک لگانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ بولٹ اور ہینری کسی بھی بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑا سکتے ہیں۔ فرگوسن کی تیز رفتاری اور سانٹنر کی گھومتی گیندیں بھی بلےبازوں کو پریشان کرتی ہیں، جو کھلاڑی ٹیم کو چیمپئن بنائے گا وہی فائنل کا سلطان کہلائےگا۔