دوسرا سیمی فائنل، آسٹریلیا کا انگلینڈ کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

لندن: (کوہ نور نیوز) ورلڈکپ کے دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کا آج انگلینڈ سے مقابلہ ہے، کینگروز نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کے خلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ آج میچ جیتنے والی ٹیم چودہ جولائی کو نیوزی لینڈ سے فائنل کھیلے گی۔ کرکٹ کی عالمی جنگ، ناک آؤٹ مرحلے کا دوسرا ٹاکرا آج ہو رہا ہے جس میں آسٹریلیا اور انگلینڈ مدمقابل ہیں۔ ٹاس کی جیت آسٹریلیا کے حصے میں آئی جس نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ٹاس کے بعد آسٹریلوی کپتان کا کہناتھا کہ انگلینڈ کے خلاف بڑا سکور بنانے کی کوشش کریں گے، ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے۔ دوسری جانب انگلش کپتان این مورگن نے کہا کہ کینگروز کو کم سے کم ٹوٹل تک محدود کریں گے، ان کا کہنا تھا کہ انگلش ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ ایرون فِنچ اور ایان مورگن الیون میں تیکھی بولنگ اور جارحانہ بیٹنگ کا آج امتحان ہے، مچل سٹارک اور ڈیوڈ وارنر انگلش ٹیم کیلئے بڑا خطرہ ہیں۔ جیسن روئے، جونی بیئرسٹو اور جوروٹ بازی پلٹنے کو تیار ہیں۔ لیگ مرحلے میں پانچ بار کے چیمپئن کینگروز نے انگلینڈ کو چونسٹھ رنز سے ہرایا تھا۔ ون ڈے فارمیٹ میں آسٹریلیا کا پلڑا بھاری ہے جس نے ایک سو اڑتالیس میں سے بیاسی بار بازی اپنے نام کی۔ اکسٹھ میں انگلینڈ نے میدان مارا دو میچ برابر جبکہ تین بے نتیجہ رہے۔ آج کے میچ کی فاتح ٹیم چودہ جولائی کو نیوزی لینڈ سے فائنل کھیلے گی۔