نیوزی لینڈ کا بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

مانچسٹر: (کوہ نور نیوز) ورلڈ کپ 2019 کا پہلا سیمی فائنل آج سابق دفاعی چیمپئن بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جارہا ہے۔ نیوزی لینڈ نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل مانچسٹر کے ٹرائی فورڈ اسٹیڈیم میں بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جارہا ہے۔ بھارتی ٹیم مسلسل تیسری بار عالمی کپ کے سیمی فائنل میں پہنچی ہے۔ نیوزی لینڈ بھی لگاتار دوسرا سیمی فائنل کھیل رہا ہے۔ ٹاس جیتنے کے بعد کیوی کپتان کین ولیمسن کا کہنا تھا کہ پچ اچھی لگ رہی ہے کوششش کریں گے اچھا کھیلیں۔ بھارتی کپتان ویراٹ کوہلی کا کہنا تھا کہ ہم بھی بیٹنگ کرنا چاہتے تھے، امید ہے پچ ایسی ہی رہے گی۔ اپنی صلاحیتوں کو بیک کر کے اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔ مانچسٹر میں پہلے 2 اچھے میچز کھیل چکے ہیں۔ ورلڈ کپ کا پہلا مرحلہ اختتام پذیر ہوجانے کے بعد اب دنیائے کرکٹ پر حکمرانی کی جنگ میں شامل 4 ٹیمیں ٹرافی حاصل کرنے کی تگ و دو میں مصروف ہیں۔ ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل آسٹریلیا اور میزبان ٹیم انگلینڈ کے درمیان 11 جولائی کو کھیلا جائے گا۔ دونوں سیمی فائنلز کی فاتح ٹیمیں 14 جولائی کو فائنل کھیلیں گی۔ اسکواڈ آج کے میچ کے لیے بھارتی ٹیم میں ویراٹ کوہلی (کپتان)، کے ایل راہول، روہت شرما، رشبھ پنت، مہندر سنگھ دھونی، دنیش کارتھک، ہردیک پانڈیا، رویندر جڈیجا، بھونیشور کمار، یزویندر چاہل اور جسپریت بمرا شامل ہیں۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم میں کین ولیمسن (کپتان)، مارٹن گپٹل، ہنری نکولس، راس ٹیلر، ٹام لیتھم، جیمز نیشام، کولن ڈی گرینڈ ہوم، مچل اسینٹنر، لوکی فرگوسن، میٹ ہنری اور ٹرینٹ بولٹ شامل ہیں۔