مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کی فائرنگ، کشمیری نوجوان شہید

سری نگر: (کوہ نور نیوز) قابض بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے بڈگام میں فائرنگ کرکے کشمیری نوجوان کو شہید کردیا۔ تفصیلات کے مطابق قابض بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت جاری رکھتے ہوئے بڈگام میں کشمیری نوجوانون کو فائرنگ کرکے شہید کردیا جبکہ ایک نوجوان زخمی ہوگیا جسے گرفتار کرلیا گیا۔ کشمیری میڈیا کا کہنا ہے کہ ظالم بھارتی فوج کی جانب سے کشمیری نوجوان کی شہادت کے بعد علاقے میں غیراعلانیہ کرفیو نافذ کردیا گیا ہے، جبکہ انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بھی بند کردی گئی ہے۔ کشمیری میڈیا کے مطابق بھارتی فورسزنے تلاشی کے بہانے خواتین، بچوں کوگھروں سے نکال دیا۔ خیال رہے کہ دو روز قبل قابض بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے اننت ناگ میں فائرنگ کرکے کشمیری نوجوان کو شہید کردیا تھا۔ واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج آزادی کی آواز کو دبانے کے لیے مختلف ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے اور اب تک ہزاروں کشمیری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں۔