ورلڈ کپ: افغانستان کا پاکستان کو 228 رنز کا ہدف

لیڈز: (کوہ نور نیوز) آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے 36 ویں میچ میں افغانستان نے پاکستان کو 228 رنز کا ہدف دیدیا۔ افغانستان کی طرف سے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا گیا تو رحمت شاہ اور کپتان گلبدین نائب نے اننگز کا آغاز کیا، پاکستان کی طرف سے پہلا اوور عماد وسیم نے کیا۔ افغانستان کو پہلا نقصان گلبدین نائب کی صورت میں اٹھانا پڑا جب کپتان 12 گیندوں پر 15 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر وکٹ کیپر سرفراز احمد کو کیچ دے بیٹھے۔ اس سے اگلی گیند پر شاہین شاہ آفریدی نے حشمت اللہ شہیدی صفر پر پویلین بھیج دیا۔ عماد وسیم نے کیچ پکڑا۔ تیسری وکٹ رحمت شاہ کی گری جنہوں نے سپنر عماد وسیم کی گیند پر بابر اعظم کو کیچ دیدیا، بیٹسمین نے 35 رنز کی باری کھیلی۔ اصغر افغان گرین شرٹس کا چوتھا شکار بن گئے، انہوں نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 35 گیندوں پر 42 رنز بنائے، ان کی اس اننگز میں 3 چوکے اور دو بلند و بالا چھکے شامل تھے۔ شاداب خان نے انہیں بولڈ کیا۔ اکرم علی خیل نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 66 گیندوں پر 24 سکور کی باری کھیلی اور عماد وسیم کا نشانہ بن گئے۔ 167 کے مجموعی سکور پر آل راؤنڈر محمد نبی 16 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر وکٹ چھوڑنے پر مجبور ہوئے۔ محمد عامر نے ان کا شاندار کیچ پکڑا۔ 202 کے مجموعی سکور پر نجیب اللہ زدران 42 سکور بنا کر شاہین شاہ کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ فاسٹ باؤلر شاہین نے راشد خان کو 8 رنز پر پویلین چلتا کیا۔ ان کا کیچ فخر زمان نے پکڑا۔ حامد حسن ایک رن بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ سمیع اللہ شنواری 19 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ افغانستان کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 227 رنز بنا سکی۔ شاہین شاہ آفریدی نے چار شکار کیے۔ عماد وسیم اور وہاب ریاض نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ٹاس کا فیصلہ ہمارے ہاتھ میں نہیں، ٹاس جیتنے کی صورت میں ہم بھی پہلے بیٹنگ ہی کرتے، پاکستانی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، ہماری باؤلنگ لائن اچھی فارم میں ہے، وہاب ریاض فٹ ، فائنل الیون کا حصہ ہیں، افغانستان کو کم ٹوٹل پر روکنے کی کوشش کرینگے افغان کپتان گلبدین نائب کا کہنا تھا کہ بیٹنگ کے لیے وکٹ سازگار ہے، پاکستان کو بڑا ہدف دینے کی کوشش کریں گے، ہمارے سپنرز اچھے ہیں، دوسری اننگز میں فائدہ ہو گا۔ گرین شرٹس کی ٹیم اچھی ہے ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے، دوالت زدران کی جگہ حامد حسن کھیلیں گے۔ کرکٹ کے عالمی کپ کے پوائنٹس ٹیبل میں آسٹریلیا کی حکمرانی برقرار ہے، بھارت کی دوسری پوزیشن ہے، بھارت کے چھ میچز کھیلنے کے بعد پوائنٹس کی تعداد 11 ہے، بھارت سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے سے محض ایک پوائنٹ ہی دور رہ گیا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم تیسرے جبکہ انگلینڈ کی ٹیم چوتھے نمبر پر ہے تاہم میزبان ملک کو ورلڈ کپ میں اب بقیہ تمام میچز جیتنے ہوں گے۔ بنگلہ دیش کی پانچویں اور پاکستان کی پوائنٹس ٹیبل پر چھٹی پوزیشن ہے۔