جنوبی افریقا کے خلاف سری لنکا کی پہلے اوور میں ہی وکٹ گر گئی

ڈرہم: (کوہ نور نیوز) کرکٹ ورلڈکپ کے 35ویں میچ میں سری لنکا کی جنوبی افریقا کے خلاف بیٹنگ جاری ہے اور پہلے ہی اوور میں کپتان ڈیموتھ کرارتنے پویلین لوٹ گئے۔ ڈرہم کے چیسٹر لی اسٹریٹ گراؤنڈ میں پروٹیز ٹیم کے کپتان فاف ڈوپلیسی نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو ڈیموتھ کرارتنے اور کشال پریرا نے اننگز کا آغاز کیا۔ میچ کی پہلی ہی گیند پر کرارتنے فاسٹ بولر کگیسو رابادا کا شکار بنے اور فاف ڈوپلیسی کو کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔ سری لنکن ٹیم کو ایونٹ میں رہنے کے لیے آج کا میچ لازمی جیتنا ہوگا جب کہ پروٹیز ٹیم پہلے ہی ایونٹ سے باہر ہوچکی ہے۔ سری لنکن ٹیم ایونٹ میں اب تک 6 میچز کھیل چکی ہے جس میں اسے 2 میں کامیابی اور 2 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جب کہ 2 میچز بارش کی نذر ہوئے، اس طرح پوائنٹس ٹیبل پر سری لنکن ٹیم 6 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر موجود ہے۔ سیمی فائنل کھیلنے کے لیے سری لنکن ٹیم کو اپنے تینوں میچز جیتنے ہوں گے، اور دو میچز میں کامیابی کی صورت میں اسے پاکستان اور انگلینڈ کے میچز پر انحصار کرنا ہوگا۔ سیمی فائنل کھیلنے کی دوڑ میں پاکستان، انگلینڈ اور بنگلادیش کی ٹیمیں بھی شامل ہیں جب کہ آسٹریلیا واحد ٹیم ہے جو سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرچکی ہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں 11، 11 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں اور ان دونوں ٹیموں کو بھی سیمی فائنل میں جگہ پکی کرنے کے لیے ایک ایک فتح درکار ہے۔ ورلڈکپ 2019 کھیلنے والی دس میں سے تین ٹیمیں افغانستان، جنوبی افریقا اور ویسٹ انڈیز ایونٹ سے باہر ہوچکی ہیں۔