مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی فائرنگ سے ایک کشمیری نوجوان شہید

سری نگر: (کوہ نور نیوز) مقبوضہ وادی میں بھارتی فورسز نے فائرنگ کرکے مزید ایک کشمیری نوجوان کو شہید کردیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع بڈگام میں بھارتی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کرکے مزید ایک کشمیری نوجوان کو شہید کردیا، نوجوان کی شہادت کے بعد مظاہروں سے بچنے کے لیے کٹھ پتلی انتظامیہ نے ضلع بھر میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز ضلع اننت ناگ (اسلام آباد) میں قابض بھارتی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران بلااشتعال فائرنگ کرکے ایک کشمیری نوجوان کو دہشت گرد قرار دے کر شہید کردیا تھا جب کہ ضلع کلگام میں بم دھماکے میں ایک شخص جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے تھے۔ دوسری جانب مقبوضہ وادی میں کٹھ پتلی حکومت کی جانب سے میڈیا کے خلاف کریک ڈاؤن بھی جاری ہے۔ گزشتہ روز بھارتی پولیس نے وادی کے موقر اخبار روزنامہ آفاق کے ناشر اور مشہور صحافی 62 سالہ غلام قادر جیلانی کو ان کے گھر پر چھاپا مار کر گرفتار کرلیا۔