فردوس عاشق اعوان کی اپوزیشن کی کُل جماعتی کانفرنس پر کڑی تنقید

اسلام آباد: (کوہ نور نیوز) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے آج ہونے والی اپوزیشن کی کُل جماعتی کانفرنس کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ اسلام آباد میں ایجوکیشن ایکسپو کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے اپوزیشن پر تنقید کی کہ ان کی تحریک ان کے سینے میں ہی دم توڑ جائےگی۔ انہوں نے کہا کہ کل جماعتی کانفرنس کی قیادت کرنے والے مولانا فضل الرحمان پہلی بار اقتدار سے باہر ہونے کا درد محسوس کررہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں سیاسی نومولودوں کا بیانیہ اُن کی اپنی جماعتیں مسترد کرچکی ہیں۔ واضح رہے کہ جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں اپوزیشن کی کُل جماعتی کانفرنس آج اسلام آباد میں ہوگی جس میں مسلم لیگ (ن) کا 10 رکنی وفد، پیپلز پارٹی کا 5 رکنی وفد اور دیگر جماعتوں کے رہنما بھی شرکت کریں گے۔