ورلڈ کپ: آسٹریلیا کا انگلینڈ کو جیت کیلئے 286 رنز کا ہدف

لندن: (کوہ نور نیوز) آئی سی سی ورلڈ کپ 2019ء کے 32ویں میچ میں آسٹریلیا نے پہلے کھیلتے ہوئے انگلینڈ کو جیت کیلئے 286 رنز کا ہدف دیا ہے۔ کینگروز کپتان سنچری بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ انگلینڈ کے کپتان این مورگن ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، ان کا یہ فیصلہ بظاہر سودمند ثابت نہیں ہوا کیونکہ باؤلرز سخت محنت کے باوجود اوپننگ پارٹنرشپ توڑنے میں ناکام رہے۔ تاہم اس کے بعد انگلینڈ کے باؤلرز نے شاندار گیند بازی کر کے ناصرف سکور روکا بلکہ وکٹیں بھی حاصل کیں۔ ایک وقت ایسا لگ رہا تھا کہ آسٹریلیا کی جانب سے انگلینڈ کو جیت کیلئے بڑا ہدف ملے گا لیکن مقررہ پچاس اوورز میں آسٹریلوی ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر 285 رنز بنا سکی۔ آسٹریلیا کی جانب سے کپتان فنچ 100، وارنر 53، سمتھ 38 اور کیری 38 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ ان کے علاوہ کوئی اور بلے باز انگلش باؤلرز کا مقابلہ نہیں کر سکا۔ انگلینڈ کی جانب سے ووکس نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ آرچر، ووڈ، ستوکس اور معین علی کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔