گرفتاری ہمارا زیور ہے، گرفتاری سے کون ڈرے گا: فریال تالپور

کراچی: (کوہ نور نیوز) جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار رکن سندھ اسمبلی اور رہنما پیپلز پارٹی فریال تالپور کا کہنا ہے کہ گرفتاری ہمارا زیور ہے اور گرفتاری سےکون ڈرے گا۔ سندھ اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے فریال تالپور کو اُن کی رہائش گاہ سے پولیس اور رینجرز کی سخت سیکیورٹی میں لے جایا گیا۔ فریال تالپور کے استقبال کے لیے سندھ اسمبلی کے باہر اراکین پیپلز پارٹی جمع تھے اور ان کے پہنچنے پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئی جب کہ اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی بھی اراکین اسمبلی کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے فریال تالپور کا کہنا تھا کہ گرفتاری ہمارا زیور ہے، گرفتاری سےکون ڈرے گا، ذوالفقار علی بھٹو، بے نظیر بھٹو اور میرے بھائی کے سامنےگرفتاری کی کوئی اہمیت نہیں۔ واضح رہےکہ نیب نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کو 14 جون کو اسلام آباد میں واقع ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا تھا۔