مہوش حیات کترینہ کیف کی نقل کرنے پرتنقید کا نشانہ بن گئیں

کراچی: (کوہ نور نیوز) نامورپاکستانی اداکارہ مہوش حیات تمغہ امتیازاورآئٹم نمبر کے بعد اب کترینہ کیف کی نقل کرنے پر سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بن گئیں۔ مہوش حیات اداکارہ ہونے کے ساتھ پاکستانی فلموں کی آئٹم گرل بھی بن چکی ہیں۔ حال ہی میں فلم ’’باجی‘‘ کے لیے جاری ہونے والا ان کا نیا آئٹم نمبر’’گینگسٹر گڑیا‘‘ جہاں لوگوں میں مقبول ہورہا ہے وہیں انہیں گانے میں کترینہ کیف کی نقل کرنے پر سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایاجارہا ہے۔ گانا ریلیز ہوتے ہی لوگوں نے سب سے پہلے مہوش حیات کے بالوں کے اسٹائل کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے فلم ’’زیرو‘‘ کے گانے ’’حسن پرچم‘‘ میں کترینہ کیف کے بالوں کے اسٹائل سے مشابہ قراردیا۔ صرف یہی نہیں سوشل میڈیا پر لوگوں کی جانب سے کترینہ کیف اورمہوش حیات کی چند تصاویر بھی شیئر کی گئیں جن میں مہوش حیات کا رقص کا انداز کترینہ کیف کے رقص سے متاثر نظر آرہا تھا۔ نادیہ زاہد نامی خاتون نے’’گینگسٹر گڑیا‘‘ گانا شیئر کراتے ہوئے لکھا کیا کوئی بتاسکتا ہے اس گانے میں موجو اداکارہ کترینہ کیف بننے کی کوشش کررہی ہے لیکن اس کی کوشش کامیاب ہوتی نظر نہیں آرہی۔ عدنان نامی صارف نے پاکستانی فلمسازوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا معلوم نہیں ہم کب بالی ووڈ سے باہر نکلیں گے، اگر پاکستانی یہی سب دیکھنا چاہتے ہیں تو مہوش حیات کے علاوہ اور بہت سے آپشن موجود ہیں، پاکستانی فلمیں اس وقت بہتر پرفارم کرسکتی ہیں جب انہیں پاکستانی کے طور پر بنایا جائے نہ کہ بھارت کی کسی اداکارہ کی کاپی کرنے کی کوشش کی جائے۔ ایک صارف نے تو مہوش حیات کو ’’تمغہ چیٹر‘‘ دینے کا مطالبہ کردیا۔ مہوش حیات کے نئے آئٹم سانگ کے متعلق لوگوں کی رائے کو ایک طرف رکھ کر دیکھا جائے تومہوش حیات ’’گینگسٹر گڑیا‘‘میں کافی خوبصورت نظرآرہی ہیں۔