حیدرآباد میں جناح ایکسپریس مال گاڑی سے ٹکرا گئی، 3 افراد جاں بحق

حیدرآباد: (کوہ نور نیوز) حیدرآباد اسٹیشن کے سپریٹنڈنٹ کا کہنا ہے کہ کراچی سے لاہور جانے والی جناح ایکسپریس اپنے ہی ٹریک پر پہلے کھڑی مال گاڑی سے جا ٹکرائی۔ حادثے کے نتیجے میں مسافر ٹرین کا انجن مکمل طور پر تباہ ہوگیا جب کہ کئی بوگیاں بھی پٹری سے اتر گئیں۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے میں ٹرین ڈرائیور سمیت 3 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جب کہ دیگر زخمیوں کو بھی اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ وزیر ریلوے شیخ رشید نے بتایا ہے کہ اب تک کی اطلاعات کے مطابق حادثے میں مسافر ٹرین کا ڈرائیور، اسسٹنٹ ڈرائیور اور ایک گارڈ کے جاں بحق ہونے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حادثہ کوٹری ریلوے اسٹیشن اور حیدرآباد ریلوے اسٹیشن کے درمیان پیش آیا جس میں کسی مسافر کے زخمی ہونے کی اطلاعات نہیں۔ یاد رہے کہ جناح ایکسپریس کا افتتاح رواں برس 30 مارچ کو وزیراعظم عمران خان نے کیا تھا جب کہ چند دن قبل اس کی ڈائننگ کار میں بھی آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا۔