وزیراعظم کو الیکشن قوانین کی خلاف ورزی پر اظہار وجوہ کا نوٹس

کراچی: (کوہ نور نیوز) الیکشن کمیشن نے وزیراعظم عمران خان کو انتخابی ضابطے کی خلاف ورزی پر اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کردیا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ضمنی انتخاب کے شیڈول کے اعلان کے بعد گھوٹکی کا دورہ کیا جو کہ قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق وزیراعظم نے کوڈ آف کنڈکٹ پیرا 17 کی خلاف ورزی کی جس کی وجہ سے انہیں اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیا گیا جس کا جواب انہیں 7 روز کے اندر داخل کرانے کا کہا گیا ہے۔ ریجنل الیکشن کمشنر کے مطابق وزیراعظم کو نوٹس پیپلز پارٹی کے عبدالباری پتافی کی شکایت پر جاری کیا گیا۔ یاد رہے کہ علی محمد مہر کے انتقال کے بعد خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی نشست این اے 205 پر انتخابی شیڈول کا اعلان ہوچکا ہے اور وزیراعظم عمران خان گزشتہ روز علی محمد خان مہر کے گھر تعزیت کے لیے گئے تھے۔