پی سی بی گورننگ بورڈ کے اجلاس میں آج اہم فیصلے متوقع

لاہور: (کوہ نور نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے گورننگ بورڈ کے اجلاس میں آج قومی کرکٹ ٹیم کی ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی پر غور کیا جائے گا اور اہم فیصلے متوقع ہیں۔ چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی زیر صدارت گورننگ بورڈ کے اجلاس کے دوران ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی ناکامی کی وجوہات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ پی سی بی گورننگ بورڈ کے اجلاس میں اہم فیصلے متوقع ہیں جس کے تحت ایونٹ کے بعد ہیڈ کوچ مکی آرتھر، بولنگ کوچ اظہر محمود، چیف سلیکٹر انضمام اور منیجر طلعت علی کو فارغ کیے جانے کا امکان ہے۔ ورلڈکپ میں کپتان سرفراز احمد کی پرفارمنس پر بھی سوالیہ نشان ہے اور گورننگ بورڈ کے اراکین اس حوالے سے بھی بات کریں گے۔ اُدھر چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو فون کر کے ورلڈکپ میں بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد ہونے والی شدید تنقید پر ان کا حوصلہ بڑھایا۔ احسان مانی نے سرفراز احمد سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ سے باہر نہیں ہوئی اس لیے دھیان کھیل میں رکھ کر اچھا کھیل پیش کریں، قومی ٹیم کو مزید چار اہم میچز کھیلنے ہیں اس لیے صرف کھیل پر فوکس رکھیں۔ گورننگ بورڈ کے اجلاس میں ڈومیسٹک کرکٹ کی اصلاحات پر بھی بات کی جائے گی جب کہ امکان ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ کے نئے سیٹ اپ کو لانے کے لیے ورلڈکپ کی تباہ کن کارکردگی کو جواز بنایا جائے گا اور ڈپارٹمنٹل کرکٹ کو آئندہ سیزن سے ختم کردیا جائے گا۔