این مورگن کی دھواں دار بیٹنگ، افغانستان کیلئے 398 کا بڑا ہدف

مانچسٹر: (کوہ نور نیوز) آئی سی سی ورلڈ کپ کے 24ویں میچ میں انگلینڈ کے کپتان مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ پچاس اوورز میں صرف 6 وکٹوں کے نقصان پر 397 بنائے۔ انگلینڈ کی اننگز کی خاص بات کپتان این مورگن کی دھواں دار بیٹنگ تھی۔ انہوں نے اس تاریخ ساز میچ میں ویسٹ انڈیز کے جارحانہ بلے باز کرس گیل کے سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ توڑا۔ انہوں نے گیل کے 16 چھکوں کے جواب میں 17 چھکے مارے۔ این مورگن نے انتہائی تیز رفتاری سے بلے بازی کرتے ہوئے صرف 71 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 17 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 148 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ انگلینڈ کے دیگر بلے بازوں میں بیرسٹو نے 99 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 8 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 90 رنز بنائے جبکہ جوئے روٹ نے 82 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 88 رنز کی اننگز کھیلی۔ افغانستان کی جانب سے گلبدین نیب نے 10 اوورز میں 68 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں اور اپنی ٹیم کی جانب سے کامیاب گیند باز رہے۔ برٹش کھلاڑیوں نے راشد خان کی خوب درگت بنائی۔ انہوں نے اپنے 9 اوورز میں 110 رنز دے جبکہ 11 چھکے اور 3 چوکے بھی کھائے۔