ورلڈکپ 2019: ویسٹ انڈیز کا بنگلا دیش کو جیت کیلئے 322 رنز کا ہدف

ٹاؤنٹن : (کوہ نور نیوز) ورلڈکپ کے 23 ویں میچ میں ویسٹ انڈیز نے بنگلادیش کو جیت کے لیے 322 رنز کا ہدف دے دیا۔ ٹاؤنٹن میں کھیلے جارہے میچ میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ اننگز کے آغاز پر ویسٹ انڈیز کے جارحانہ بلے باز کرس گیل صفر پر پویلین لوٹ گئے لیکن ان کے بعد آنے والے بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا۔ ویسٹ انڈیز کی دوسری وکٹ 122 رنز پر گری جب لیوس 70 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، اس کے بعد شائے ہوپ اور ہیٹمیر نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی تاہم شائے ہوپ نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے اور 96 رنز پر آؤٹ ہوئے۔ ویسٹ انڈیز نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 321 رنز بنائے، شائے ہوپ 96، لیوس 70 اور ہیٹمیر 50 رنز بناکر نمایاں رہے۔ بنگلا دیش کی جانب سے محمد سیف الدین، مستفیض الرحمان نے 3، 3 جب کہ شکیب الحسن نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ دونوں ٹیموں نے اب تک ورلڈکپ میں 4 میچز کھیلے ہیں جن میں سے ویسٹ انڈیز اور بنگلا دیش نے ایک ایک میچ اپنے نام کیے ہیں جب کہ 2،2 میچوں میں ان کو شکست ہوئی ہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر دونوں ٹیموں کے پوائنٹس 3،3 ہیں تاہم بہتر رن ریٹ کی وجہ سے ویسٹ اندیز کو بنگلادیش پر برتری حاصل ہے، اس طرح پوائنٹس ٹیبل پر ویسٹ انڈیز چھٹے اور بنگلادیش آٹھویں نمبر پر موجود ہے۔