بھارت کیخلاف اہم میچ میں قومی اسکواڈ میں تبدیلیوں کا امکان

مانچسٹر: (کوہ نور نیوز) ورلڈکپ میں آج قومی کرکٹ ٹیم روایتی حریف بھارت سے ٹکرائے گی جس کے لیے اسکواڈ میں کچھ تبدیلیوں کا امکان ہے۔ سرفراز الیون آج بھارت کو شکست دینے کے لیے پُرامید ہے جس کے لیے ٹیم انتظامیہ نے دو اسپنرز عماد وسیم اور شاداب خان کو کھلانے پر غور کررہی ہے تاکہ پانچ ریگولرز بولروں کے ساتھ میچ کھیلا جائے۔ بھارت کے خلاف کھیلے جانے والے میچ میں آج آصف علی اور شاہین شاہ آفریدی کو آرام دیا جاسکتا ہے۔ ایونٹ میں اب تک قومی کرکٹ ٹیم چار میچز کھیل چکی ہے جس میں شاداب خان اور عماد وسیم نے صرف ویسٹ انڈیز کیخلاف ایونٹ کا پہلا میچ کھیلا تھا۔ بھارت کے خلاف ممکنہ قومی ٹیم امام الحق، فخر زمان، بابر اعظم، محمد حفیظ، کپتان سرفراز احمد، شعیب ملک، شاداب خان، عماد وسیم، محمد عامر، وہاب ریاض اور حسن علی پر مشتمل ہوگی۔