کراچی آج بھی ہیٹ ویو کی لپیٹ میں رہے گا

لاہور: (کوہ نور نیوز) محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی آج بھی ہیٹ ویو کی لپیٹ میں رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی کراچی میں سمندری ہوائیں بند رہیں گی اور درجہ حرارت 39 سے 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں صبح 9 بجے درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور گرمی کی شدت 38 ڈگری سینٹی گریڈ محسوس کی جارہی ہے جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 43 فیصد ہے۔ اندرون سندھ میں بھی شدید گرمی اس کے علاوہ حیدرآباد سمیت لاڑکانہ، دادو، خیرپور، سکھر اور دیگر شہروں میں بھی شدید گرمی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج حید رآباد، میرپورخاص میں بارش ہو سکتی ہے جب کہ اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، ساہیوال، فیصل آباد، بہاولپور، سرگودھا، گوجرانوالہ، ملتان اور مالاکنڈ میں بھی بادل برس سکتے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت تربت میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ لوڈ شیڈنگ میں اضافہ دوسری جانب کراچی کے مخلتف علاقوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 10 گھنٹے سے بڑھ گیا ہے جس سے شہری بے حال ہیں۔ حیدرآباد کے بھی مخلتف علاقوں میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ جاری ہے شہری راتیں جاگ کر گزار رہے ہیں۔ شہریوں کا شکوہ ہے کہ حیسکو کی ہیلپ لائن اور آپریشنز کا عملہ دفاتر میں دستیاب نہیں ہے۔ کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ گرمی کی وجہ سے بجلی کی ڈیمانڈ میں اضافہ ہوا تاہم گیس پریشر میں کمی کے باعث کچھ پلانٹس کی پیداواری صلاحیت متاثر ہے۔ ادھر وفاقی وزیر عمر ایوب خان نے کے الیکٹرک کا دعویٰ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سوئی سدرن گیس کے الیکٹرک کو ضرورت سے زیادہ گیس فراہم کررہا ہے، گیس پریشر میں کمی کا دعویٰ غلط ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کو مزید 150میگا واٹ بجلی دینے کی منظوری دی ہے لیکن کے الیکٹرک کا ترسیلی نظام ہی موجود نہیں جس کی وجہ سے ابھی تک فراہمی ممکن نہیں ہوسکی۔