ورلڈ کپ: ویسٹ انڈیز کی ٹیم انگلینڈ کیخلاف 212 پر ڈھیر

ساؤتھمپٹن: (کوہ نور نیوز) آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے 19 ویں میچ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم انگلینڈ کے خلاف 212 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور حریف ٹیم کو 213 رنز کا ہدف دیدیا۔ مارک ووڈ اور آرچر نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 3.3 وکٹیں لیں۔ انگلینڈ کی طرف سے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا گیا، کیریبین ٹیم کی طرف سے اوپننگ بیٹسمینوں نے محتاط انداز میں بیٹنگ کا آغاز کیا، ایوین لوئس زیادہ دیر تک وکٹ پر ٹھہر نہ سکے اور ووکس کی گیند پر 2 رنز پر بولڈ آؤٹ ہو گئے۔ دوسرا نقصان کرس گیل کی شکل میں اُٹھانا پڑا، ہارڈ بیٹسمین 54 کے مجموعی سکور پر 36 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، پلنکٹ کی گیند پر بیرسٹو نے کیچ پکڑا۔ ایک رنز کے اضافے کے بعد تیسری وکٹ شائی ہوپ کی گری جو 11 رنز بنا کر ووڈ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ شمرون ہیٹمائر اور نکولس پوران نے اننگز کو آگے بڑھایا اور چند اچھے شارٹس کھیلے تاہم ہیٹمائر 144 رنز پر 39 کی اننگز کھیل کر روٹ کو کیچ دے بیٹھے۔ ان کی اس اننگز میں 4 چوکے شامل تھے۔ 156 پر کپتان جیسن ہولڈر 9 رنز بنا کر روٹ کی گیند پر آئوٹ ہو گئے۔ نکولس پوران 63 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ دیگر بیٹسمین بھی جلد آؤٹ ہوتے رہے، رسل نے 21، بریتھ ویٹ 14، کوٹریل، تھامس اور گیبرائل صفر پر آؤٹ ہو گئے۔ جوفرا آرچر، مارک ووڈ نے 3.3، روٹ کے حصے میں دو وکٹیں آئیں، پلنکٹ اور ووکس نے ایک ایک کھلاڑی پویلین بھیجا۔ انگلینڈ کی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں اب تک 3 میچ کھیلے ہیں جن میں سے 2 میں جیت حاصل کی جبکہ 1 میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا اور یہ 4 پوائنٹس کیساتھ چوتھے نمبر پر کھڑی ہے۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے اب تک 2 میچ کھیلے ہیں جن میں سے ایک میں فتح، 1 میں اسے شکست ہوئی اور ایک میچ بارش کے باعث متاثر ہوا جبکہ یہ 3 پوائنٹس کیساتھ چھٹے نمبر پر موجود ہے۔