حمزہ شہباز کو آج لاہور کی احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا

لاہور: (کوہ نور نیوز) حمزہ شہباز کو آج لاہور کی احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا، نیب حکام 15 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کریں گے، سیکیورٹی کے انتظامات سخت کئے گئے ہیں۔ یاد رہے لاہور ہائیکورٹ نے رمضان شوگرملز کیس اور منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت کی درخواستیں واپس لینے کی بنیاد پر مسترد کر دیں، جس پر نیب نے حمزہ کو کمرہ عدالت سے گرفتار کرلیا، حمزہ شہباز کے وکیل نے فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کی دستاویزات کی کاپیاں فراہم نہ کرنے پر درخواستیں واپس لیں۔ جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے کہا فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کی دستاویزات کیلئے ٹرائل کورٹ سے رجوع کریں، آپ کی درخواست مسترد، تسلی رکھیں یہاں انصاف ہوگا۔ حمزہ کے وکیل نے عدالت میں دلائل دینے سے انکار کر دیا اور کہا کہ فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کی دستاویزات اس کیس کا دل ہیں، دستاویزات حاصل کیے بغیر دلائل نہیں دے سکتے۔ کارکنوں نے حمزہ شہباز کو گرفتار کرنے پر عدالت کے اندر اور باہر شدید نعرے بازی کی، وکلا کی دھکم پیل سے کمرہ عدالت میں الماریوں کے شیشے ٹوٹ گئے، شہر میں متعدد مقامات پر احتجاج کیا گیا جبکہ مریم نواز، شاہد خاقان عباسی اور مریم اورنگزیب نے بھی اپنے ردعمل کا اظہار کیا۔