ورلڈ کپ: انگلینڈ کا بنگلہ دیش کو جیت کیلئے 387 رنز کا ہدف

کارڈیف: (کوہ نور نیوز) آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے بارہویں میچ میں انگلینڈ کی بنگلادیش کے خلاف بیٹنگ جاری ہے، انگلش ٹیم نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 386 رنز بنا کر حریف ٹیم کو 387 رنز کا ہدف دیدیا۔ انگلینڈ کے اوپننگ بلے بازوں نے جارحانہ انداز میں اننگز کا آغاز کیا تاہم 128 رنز پر جونی بیرسٹو 51 سکور بنا کر مشرفی مرتضیٰ کی گیند پر آئوٹ ہوئے، جوئے روٹ 21 سکور پر محمد سیف الدین کی گیند پر بولڈ ہو گئے اس وقت مورگن الیون کا سکور 205 تھا۔ تیسرے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین جیسن روئے تھے جنہوں نے جارحانہ اننگز کھیلی۔ بیٹسمین نے 121 گیندوں پر 5 چھکوں اور 14 چوکوں کی مدد سے 153 رنز بنائے اور مہدی حسن میراز کی گیند پر وکٹ گنوا بیٹھے۔ چوتھی وکٹ جوز بٹلر کی گری جنہوں نے 44 گیندوں پر 2 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 64 رنز بنائے۔ کپتان مورگن نے 35 رنز بنائے۔ بین سٹوکس نے 6 رنز بنائے۔ ووکس نے 8 گیندوں پر 18 رنز جبکہ لیام پلنکٹ 9 گیندوں پر 27 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔ بنگلہ دیش کی طرف سے محمد سیف الدین، مہدی حسن میراز نے 2.2 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، مستفیض الرحمن، مشرفی مرتضی ایک ایک وکٹ لے سکے۔ بنگلادیش نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کے خلاف پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ میزبان ٹیم انگلینڈ نے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ کو ہرایا تھا جبکہ دوسرے میچ میں اسے پاکستان کے ہاتھوں 14 رنز سے شکست ہوئی تھی۔ آئی سی سی ورلڈ کپ میں کھیلے گئے اب تک کے میچز کے مطابق پوائنٹس ٹیبل میں 4 پوائنٹس کی بدولت نیوزی لینڈ سرفہرست ہے جبکہ اتنے ہی میچز جیتنے والی ٹیم آسٹریلیا صرف رن ریٹ کی بنیاد پر دوسرے نمبر پر ہے۔ سری لنکا بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر تیسرے جبکہ پاکستان چوتھے نمبر پر براجمان ہے۔