امریکی صدرٹرمپ کی برطانوی وزیراعظم تھریسامئے سے ملاقات

لندن: (کوہ نور نیوز) امریکی صدر ٹرمپ اور برطانوی وزیراعظم تھریسامئے کے درمیان اہم ملاقات ہوئی۔ امریکی صدر ان دنوں برطانیہ کے سرکاری دورے پر ہیں جہاں دورے کے دوسرے روز لندن میں ٹرمپ اور برطانوی وزیراعظم کی تجارتی وفود کے ہمراہ میٹنگ ہوئی۔میٹنگ کے دوران ٹرمپ نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ یورپی یونین چھوڑنے کے بعد برطانیہ امریکا کے ساتھ انتہائی ٹھوس تجارتی معاہدہ کرسکتا ہے۔ تجارتی رابطوں کو تیز کرنے کے لیے پانچ برطانوی، پانچ امریکی فرمز اور سینئر وزرا و حکام کے درمیان ناشتے پر میٹنگ کا انعقاد سینٹ جیمس پیلس میں کیا گیا۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ امریکا اور برطانیہ کے درمیان تجارت میں مزید وسعت موجود ہے۔ برطانوی وزیراعظم تھریسامئے نے کہا کہ برطانیہ اور امریکا کے درمیان مستقبل میں ساتھ کام کرنے کے بہت مواقع ہیں۔ تھریسامئے نے امریکا اور برطانیہ کی پارٹنر شپ کو بہترین قرار دیا اور اس میں مزید بہتری پر زور دیا۔ ٹرمپ کے دورے کے دوران برطانیہ کے کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے جارہے ہیں۔اس سلسلے میں پارلیمنٹ اسکوائر پر بھی احتجاج کیا گیا جہاں سیکڑوں مظاہرین ٹرمپ کا پتلا لیے احتجاج کررہے تھے۔