سٹاک مارکیٹ میں 400 پوائنٹس سے زائد کی کمی، انٹربینک میں ڈالر 38 پیسے مہنگا

کراچی: (کوہ نور نیوز) پاکستان سٹاک ایکسچینج میں دوران ٹریڈنگ 400 پوائنٹس سے زائد کی کمی ہوئی جبکہ انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں 38 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ عید تعطیلات سے ایک روز قبل پاکستان سٹاک ایکسچینج میں شیئرز کی فروخت کا رجحان جاری ہے، دوران ٹریڈنگ مارکیٹ میں 400 پوائنٹس سے زائد کی کمی بھی ریکارڈ کی گئی اور انڈیکس 35 ہزار 525 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔ تجزیہ کار سٹاک مارکیٹ کے انڈیکس میں کمی کی وجہ بجٹ میں نئے ٹیکسوں کے نافذ کیے جانے کی خبروں کو دے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث سٹاک مارکیٹ میں انرجی سیکٹر کے حصص کی مالیت میں کمی دیکھنے میں آرہی ہے۔ دوسری جانب انٹربینک میں ڈالر دوران ٹریڈنگ 38 پیسے اضافے سے 148 روپے 30 پیسے میں ٹریڈ کررہا ہے جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 149 روپے میں ہی فروخت ہورہا ہے۔