خاتون 35 لاکھ یورو کے زیورات طیارے میں بھول گئی

پیرس: (کوہ نور نیوز، ویب ڈیسک) میڈیا رپورٹ کے مطابق فرانس میں ایک خاتون قیمتی زیورات سے بھرا اپنا بیگ طیارے میں چھوڑ کرچلی گئی، خاتون جب جنوبی فرانس میں نیس کے ایئرپورٹ سے باہر آئی تو اسے پتا چلا کہ وہ اپنا بیگ اور کوٹ جہاز میں ہی بھول آئی ہے، اس نے فوراً پولیس سے رجوع کیا۔ فرانسیسی پولیس کا کہنا ہے کہ تقریباً 35 لاکھ یورو مالیت کے زیورات جیولری ڈیزائنرز نے کانزفلم فیسٹیول میں شریک برطانوی گلوکارہ ریٹا اورا کو پہننے کیلئے بھجوائے تھے اور خاتون کو ذمہ داری سونپی گئی تھی کہ وہ گلوکارہ کو زیورات پہنچائیں تاہم خاتون زیورات طیارے میں ہی بھول گئیں جس پر حکام نے زیورات سے بھرا بیگ اسی طیارے کے ذریعے لندن کے لوٹون ایئرپورٹ اور وہاں سے ہیتھرو ایئرپورٹ پہنچا دیا جہاں تمام جیولری ڈیزائنرز کو ان کے متعلقہ زیورات واپس مل گئے۔ دوسری طرف ریٹا اورا ان زیورات کا انتظار ہی کرتی رہیں جو انہوں نے عالمی فلم فیسٹیول میں ایک پروگرام کے دوران پہننے تھے۔ ساری صورتحال کو علم ہونے پر گلوکارہ مایوسی کے ساتھ غصے میں بھی نظر آئیں۔