برطانوی وزیراعظم ٹریزامے کا آج قوم سے خطاب اور مستعفی ہونے کا اعلان متوقع

لندن: (کوہ نور نیوز) برطانوی وزیراعظم ٹریزامے آج قوم سے خطاب کریں گی جس میں ان کا عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان متوقع ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق ٹریزامے پارلیمنٹ میں بریکزٹ پلان کی ناکامی کے بعد دباؤ کا شکار ہیں جس کے باعث وہ مستعفی ہونے کا فیصلہ کرچکی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ٹریزامے کنزرویٹو پارٹی کی قیادت کو خیرباد کرنے کا اعلان آئندہ ماہ کریں گی اور وہ قیادت چھوڑنے کا معاملہ ٹرمپ کے دورے تک ملتوی کرنا چاہتی ہیں۔ ٹریزامے نے یورپی یونین سے علیحدگی کے بل کو آج واپس لینے کا فیصلہ کیا تھا جس کے لیے برطانوی قانون میں قانون سازی کے لیے ایک معاہدے کی ضرورت ہے تاہم ٹریزامے نے اِسے آخری موقع قرار دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ٹریزامے کے پارٹی قیادت چھوڑنے سے موسم گرما تک نئے وزیراعظم کی راہ بھی ہموار ہوگی۔ دوسری جانب برطانوی سیکریٹری خارجہ جیرمی ہنٹ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم ٹریزامے کے استعفے سے متعلق ڈاؤننگ اسٹریٹ سے کوئی یقین دہانی نہیں کرائی گئی ہے۔ حکومتی وزراء کی جانب سے امید ظاہر کی گئی ہے کہ کنزرویٹو پارٹی کے آئندہ سربراہ کے لیے مہم جولائی میں اختتام پذیر ہوسکتی ہے۔ یاد رہے کہ ٹریزامے نے جون 2016 کے ریفرنڈم میں یورپی یونین میں رہنے کے حق میں ووٹ دیا تھا جب کہ ریفرنڈم میں برطانوی عوام کی اکثریت نے یورپی یونین سے علیحدگی کے حق میں ووٹ دیا، ٹریزامے کا کہنا تھا دوبارہ ریفرنڈم ہوا تو وہ یورپی یونین ہی میں رہنےکو ترجیح دیں گی۔ اس سے قبل سابق وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے بھی اس وجہ سے وزارت عظمیٰ سے استعفیٰ دے دیا تھا، کہ وہ برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی کے حق میں نہیں تھے۔