ورلڈکپ مشن کا آج سے آغاز: قومی ٹیم افغانستان کیخلاف وارم اپ میچ کھیلے گی

برسٹل: (کوہ نور نیوز) انگلینڈ کے خلاف حالیہ مایوس کن سیریز کے بعد پاکستان ٹیم آج سے ورلڈکپ کے مشن کا آغاز کرنے جارہی ہے اور اس سلسلے میں وہ افغانستان کے خلاف پہلے وارم اپ میچ میں مدمقابل ہوگی۔ ورلڈکپ 2019 کا باقاعدہ آغاز 30 مئی سے ہوگا تاہم اس سے قبل تمام ٹیمیں اپنے اپنے وارم اپ میچز کھیل رہی ہیں۔ پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں بھی برسٹول کے کاؤنٹی گراؤنڈ میں آج مقامی وقت کے مطابق ساڑھے 10 بجے مدمقابل ہوں گی جب کہ گرین شرٹس 26 مئی کو اپنا دوسرا وارم اپ میچ بنگلادیش کے خلاف کھیلیں گے۔ افغانستان کے خلاف وارم اپ میچ کے لیے قومی ٹیم میں شاداب خان اور محمد عامر کو کھلانے پر غور کیا جارہا ہے۔ کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ جیتنا چاہتے ہیں، وہاب ریاض اور محمد عامر کی ٹیم میں شمولیت سے بولنگ اٹیک مضبوط ہوا ہے۔ پاکستانی اسکواڈ: ورلڈکپ کے لیے پاکستان اسکواڈ کپتان سرفراز احمد، فخر زمان، امام الحق، آصف علی، بابر اعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ، حارث سہیل، عماد وسیم، شاداب خان، محمد عامر، حسن علی، وہاب ریاض، محمد حسنین اور شاہین شاہ آفریدی پر مشتمل ہے۔ افغانستان اسکواڈ: افغانستان کے اسکواڈ میں کپتان گلبدین نائب، محمد شہزاد، نور علی زدران، حضرت اللہ زازئی، رحمت شاہ، اصغر افغان، حشمت اللہ شہیدی، نجیب اللہ زدران، سمیع اللہ شنواری، محمد نبی، راشد خان، دولت زدران، آفتاب عالم، حامد حسن اور مجیب الرحمان شامل ہیں۔