آصف زرداری کے خلاف جعلی اکاؤنٹس کیس کی سماعت 30 مئی تک ملتوی

اسلام آباد: (کوہ نور نیوز) احتساب عدالت میں سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور پر جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر نہ ہو سکی۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے کیس کی سماعت کی۔ آصف زرداری اور فریال تالپور آج احتساب عدالت میں پانچویں مرتبہ پیش ہوئے۔ احتساب عدالت میں جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں ملزمان کو آج بھی ریفرنس کی نقول فراہم نہیں کی جا سکیں اور عدالت نے سماعت 30 مئی تک ملتوی کر دی۔ ملزمان عبدالغنی مجید اور انور مجید کو پیش نہ کرنے پر عدالت نے چیف سیکرٹری سندھ اور سپرنٹنڈنٹ جیل کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔