اپوزیشن جماعتیں اکھٹی ہو رہی ہیں، ملکی معاملات پر بات چیت ہوگی: حمزہ شہباز

لاہور: (کوہ نور نیوز) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں آج اکٹھی ہو رہی ہیں، ملکی معاملات پر بات چیت ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو کے افطار ڈنر میں شرکت کے لیے اسلام آباد روانگی سے پہلے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں آج اکٹھی ہو رہی ہیں، ملکی معاملات پر بات چیت ہو گی۔ انھوں نے کہا ملک کو بدترین معاشی بحران کا سامنا ہے، عمران خان کو کارکردگی بہتر کرنا ہوگی یا گھر جانا ہو گا، موجودہ حکمران نا اہل ہیں، عوام ان کے جھوٹ پر توجہ نہ دیں۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ آج اپوزیشن جماعتوں کے درمیان جو بات چیت ہوگی اس سے نواز شریف اور شہباز شریف کو آگاہ کریں گے، سیاسی جماعتوں کو مل کر بیٹھنا چاہیے ورنہ قوم معاف نہیں کرے گی۔انھوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ گالیوں سے بائیس کروڑ لوگوں کا پیٹ نہیں بھرتا، آپ کو کارکردگی بہتر کرنا ہوگی، دواؤں کی قیمتوں میں تین سو فی صد اضافہ ہوا ہے، ملک کی تاریخ کا یہ بد ترین معاشی بحران ہے، کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ ہو گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ حکمران نا اہل ہیں، بزنس مین چیخ رہے ہیں، گیس غریبوں کے لیے مہنگی اور امیروں کے لیے سستی کر دی گئی ہے، اب قوم کے لیے باہر نہیں نکلیں گے تو کب نکلیں گے۔ حمزہ نے کہا ’کل وزیر اعظم نے کہا دعا مانگو ایک ہفتے میں گیس نکل آئے، ابھی الفاظ پورے بھی نہیں ہوئے کہ گیس نہ ملنے کا اعلان ہو گیا۔‘ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ہم نے نہ صرف آئی ایم ایف پروگرام شروع کیا بلکہ ختم بھی کیا، گروتھ ریٹ 6 فی صد پر چھوڑ گئے تھے، 9 ماہ میں انھوں نے آدھا کر دیا، الٹی گنگا بہہ رہی ہے جو زیادہ گیس استعمال کر رہے ہیں ان کو رعایت ہے، جو لوگ کم گیس استعمال کر رہے ہیں ان سے زیادہ پیسے لے رہے ہیں۔