وزیر خارجہ کی کویت کے نائب وزیر اعظم سے ملاقات میں ویزا پالیسی پر نظرثانی کی درخواست

کویت: (کوہ نور نیوز) وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کویت کے دو روزہ دورے کے موقع پر نائب وزیر اعظم شیخ خالد الجراح الصباح سے ملاقات میں ویزا پالیسی پر نظر ثانی کی درخواست کر دی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود نے کہا ہے کہ ایک لاکھ سے زائد پاکستانی کویت کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کر رہے ہیں، کویت میں مقیم پاکستانی ویزا پابندیوں پر انتہائی تذبذب کا شکار ہیں۔ وزیر خارجہ نے کویت میں نائب وزیر اعظم و وزیر داخلہ شیخ خالد الجراح الصباح سے ملاقات کی، جس میں پاک کویت دو طرفہ تعلقات اور ویزا پابندیوں کے حوالے سے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ شاہ محمود نے نائب وزیر اعظم کویت سے ملاقات میں کہا ہماری درخواست ہے کہ ویزا پالیسی پر نظر ثانی کی جائے، 2011 سے لگائی گئی پابندیوں سے پاکستان کو مستثنیٰ قرار دیا جائے۔ شاہ محمود قریشی نے دورۂ کویت کی دعوت اور عظیم الشان خیر مقدم پر شکریہ ادا کیا، انھوں نے کہا کہ پاکستان، کویت کے ساتھ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستانی حکومت اور عوام کے دلوں میں کویتی قیادت کے لیے بہت احترام ہے۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی کمیونٹی کو اپنے اہل خانہ کو کویت بلوانے میں مشکلات ہیں، 2015 میں ایک لاکھ 15 ہزار پاکستانی کویت میں مقیم تھے، اب یہ تعداد کم ہو کر ایک لاکھ 5 ہزار رہ گئی ہے۔ دریں اثنا شیخ خالد الجراح الصباح نے پاکستانی وزیر خارجہ کی کویت آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا، اور پاکستان کی درخواست پر ہم دردانہ غور کا یقین دلایا، شیخ خالد الجراح الصباح نے مسئلے کے حل کے لیے سنجیدہ کاوشوں کا بھی یقین دلایا۔