پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا آخری ون ڈے آج کھیلا جائے گا

لیڈز: (کوہ نور نیوز) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 5 میچز کی سیریز کا پانچواں اور آخری ون ڈے آج کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 3 بجے لیڈز میں آمنے سامنے ہوں گی، میزبان انگلینڈ کو سیریز میں 0-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔ پاکستان کو انگلینڈ سے ون ڈے سیریز میں وائٹ واش سے بچنے کے لیے آج کا میچ جیتنا ضروری ہوگا۔ اوپننگ بلے باز امام الحق زخمی ہونے کے باعث آج کے میچ کا حصہ نہیں ہوں گے ان کی جگہ عابد علی یا حارث سہیل ٹیم کا حصہ ہوں گے جب کہ فاسٹ بولر محمد عامر چکن پاکس میں مبتلا ہونے کے باعث سیریز کا پانچواں میچ بھی نہیں کھیل سکیں گے۔ سیریز کے چوتھے ایک روزہ میچ میں انگلش ٹیم کے کپتان این مورگن ایک میچ کی پابندی کے باعث کپتانی سے محروم رہے تھے تاہم وہ آج کے میچ میں ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دیں گے۔