مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے 2 کشمیری نوجوان شہید

سری نگر: (کوہ نور نیوز) قابض بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلواما میں فائرنگ کرکے 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔ تفصیلات کے مطابق قابض بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت جاری رکھتے ہوئے پلواما میں 2 کشمیری نوجوانوں کو فائرنگ کرکے شہید کردیا۔ کشمیری میڈیا کا کہنا ہے کہ ظالم بھارتی فوج کی جانب سے کشمیری نوجوان کی شہادت کے بعد علاقے میں غیراعلانیہ کرفیو نافذ کردیا گیا ہے، جبکہ انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بھی بند کردی گئی ہے۔ کشمیری میڈیا کے مطابق بھارتی فورسزنے تلاشی کے بہانے خواتین، بچوں کوگھروں سے نکال دیا۔ یاد رہے کہ دو روز قبل مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی کارروائیوں کے دوران پلواما اور بارہمولہ میں 8 کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا تھا۔بھارتی فورسز نے گزشتہ ماہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے باندی پورہ اورشوپیاں میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران 7 کشمیری نوجوانوں کوشہید کردیا تھا۔ واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج آزادی کی آواز کو دبانے کے لیے مختلف ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے اور اب تک ہزاروں کشمیری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں۔