اسرائیل کی غزہ پر بمباری، حاملہ خاتون اور بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق، 40 زخمی

غزہ: (کوہ نور نیوز) اسرائیلی جنگی طیاروں کی غزہ میں بمباری کے نتیجے میں حاملہ خاتون اور بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق اور 40 زخمی ہوگئے۔ غزہ کے علاقوں میں تیسرے روز بھی اسرائیل کی جانب سے شیلنگ اور بمباری کا سلسلہ جاری ہے، اسرائیلی حملوں کی شدت سے غزہ کی عمارتیں لرز گئیں۔ اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ حماس کی جانب سے 200 سے زائد راکٹ حملے کیے گئے جس میں 3 فوجی زخمی ہوئے، جس کے جواب میں کارروائی کی گئی۔ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی حملے میں 14 ماہ کی بچی صبا ابو ارار جاں بحق ہوئی جب کہ شہر کے مشرقی حصے میں 37 سالہ حاملہ خاتون شدید زخمی ہوئیں جو بعدازاں اسپتال میں دم توڑ گئیں۔ شمالی غزہ میں اسرائیلی جارحیت کا نشانہ بننے والا 25 سالہ نوجوان خالد ابو قلیک شہید ہوا جس کے حوالے سے مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسے موٹرسائیکل پر جاتے ہوئے ڈرون سے نشانہ بنایا گیا۔ دوسری جانب امریکا نے اسرائیلی جارحیت کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کواپنے دفاع کا حق ہے ۔