بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں ماؤ باغیوں کا فورسز پر حملہ، 15 اہلکار ہلاک

لاہور: (کوہ نور نیوز) مہاراشٹرا میں ماؤ باغیوں کے حملے میں بھارت کی کوئیک رسپانس فورس کے 15 اہلکار ہلاک ہوگئے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ماؤ باغیوں نے مہاراشٹرا کے ضلع گدچرولی کے قریب گاؤں میں 25 سے زائد گاڑیوں کو آگ لگائی، واقعے کے بعد کوئیک رسپانس ٹیم کے اہلکار جائے وقوعہ کے لیے روانہ ہوئے تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ماؤ باغیوں نے کوئیک رسپانس فورس کے اہلکاروں کو لے جانے والی گاڑی کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں 15 اہلکار ہلاک ہوگئے جب کہ واقعے میں گاڑی کا ڈرائیور بھی ہلاک ہوگیا۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے واقعے کے بعد علاقے میں آپریشن کے لیے پولیس کی ٹیمیں بھیج دی گئی ہیں۔