امریکا: سفید فام قوم پرست کی یہودی عبادت گاہ میں فائرنگ سے خاتون ہلاک، 3 افراد زخمی

واشنگٹن: (کوہ نور نیوز) امریکی شہر سان ڈیاگو میں سفید فام قوم پرست شخص نے یہودی عبادت گاہ میں فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک خاتون ہلاک اور تین افراد زخمی ہوگئے۔ سان ڈیاگو کے شمالی علاقے پووے میں 19 سالہ حملہ آور جان آرنسٹ نے یہودی عبادت گاہ میں اُس وقت فائرنگ کی جب لوگوں کی بڑی تعداد وہاں جمع تھی۔ ملزم کی فائرنگ سے ایک خاتون ہلاک اور تین افراد زخمی ہوگئے جب کہ پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کرتے ہوئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا جس سے تفتیش کی جارہی ہے۔پووے کے میئر اسٹیو واس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ ممکنہ طور پر نفرت انگیزی کا نتیجہ ہے۔ دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یہودیوں کی عبادت گاہ پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹر بیان میں کہا کہ مشکوک ملزم کو پکڑ لیا گیا ہے جس کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے زبردست کام کیا جس پر مشکور ہوں۔