وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کو طلب کر لیا

اسلام آباد: (کوہ نور نیوز) وزیراعظم عمران خان نےوفاقی کابینہ کااجلاس منگل کوطلب کر لیا ہے، جس میں 30 نکاتی ایجنڈا پر غور ہوگا، وفاقی کابینہ انٹرٹینمنٹ اور گفٹ کے لیے بجٹ ختم کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف معاہدوں اور تعیناتی کی منظوری دےگی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کو وزیراعظم آفس میں ہوگا، اجلاس کا 30 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں احتساب عدالت راولپنڈی کی اسلام آباد منتقلی کا معاملہ زیر غور آئےگا اور ریونیو ڈویژن ایف بی آر میں اصلاحات کے مجوزہ پلان پر بریفنگ دی جائے گی جبکہ قومی زرعی ایمرجنسی پروگرام میں ہونے والی پیشرفت پر غور ہوگا۔ متروکہ وقف املاک بورڈ پرٹاسک فورس کا قیام کابینہ ایجنڈے میں شامل ہیں جبکہ پبلک سیکٹر انٹرپرائزز کے سربراہان کی تقرری کے معاملے بھی زیر غور آئے گا۔ وفاقی کابینہ انٹرٹینمنٹ اور گفٹ کے لیے بجٹ ختم کرنے منظوری دے گی جبکہ مختلف ایئرلائنز اور نجی چارٹرز کے لائسنس کی منظوری اور توسیع ایجنڈے میں شامل ہیں۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس کے ایجنڈے میں ڈیبٹ پالیسی کور آرڈینیشن آفس کے ڈائریکٹر جنرل کی تعیناتی کی منظوری اور اسلام آباد کے ماسٹر پلان پر نظرثانی کے لیے بنائےگئے کمیشن میں تبدیلی شامل ہیں۔ وفاقی کابینہ قومی انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی ازسرنو تشکیل کی منظوری دے گی جبکہ ایجنڈے میں وزارت بین الصوبائی رابطہ اور اطلاعات میں یوتھ ڈویلپمنٹ معاہدہ اور کلین اینڈگرین پاکستان کے تحت مواصلات اسٹریٹجی تشکیل دینے کی منظوری شامل ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین کی تقرری کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔