نیوزی لینڈ: مسجد میں فائرنگ سے درجنوں افراد جاں بحق، بنگلادیشی کھلاڑی بال بال بچ گئے

کرائسٹ چرچ: (کوہ نور نیوز) یوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی ایک مسجد میں مسلح شخص نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں درجنوں افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ مسجد میں بنگلادیشی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی بھی موجود تھے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق کرائسٹ چرچ میں مقامی وقت کے مطابق تقریباً ایک بجکر 40 منٹ پر مسلح شخص نے مسجد میں داخل ہوتے ہی اندھا دھند فائرنگ کی اور اس کی لائیو ویڈیو بھی بناتا رہا۔ مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے لئے لوگ جمع تھے اور کرائسٹ چرچ میں موجود بنگلادیشی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی بھی نماز کی ادائیگی کے لیے مسجد میں تھے تاہم وہ فائرنگ سے بال بال بچ گئے۔مقامی میڈیا کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ہیگلے پارک کے قریب ڈینز ایونیو کی مسجد میں پیش آیا جب کہ اسی علاقے کی ایک اور مسجد میں بھی فائرنگ کی اطلاعات ہیں۔پولیس نے حملہ آور کو حراست میں لیتے ہوئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا جب کہ شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ڈینز ایونیو جانے سے گریز کریں۔ دوسری جانب کرائسٹ چرچ اسپتال کے ترجمان نے سی این این کو بتایا کہ اسپتال میں کئی افراد کی لاشوں کو لایا گیا ہے تاہم انہوں نے تعداد بتانے سے گریز کیا جب کہ بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعے میں 6 افراد جاں بحق ہوئے۔موہن ابن ابراہیم نامی عینی شاہد کے مطابق وہ فائرنگ کے وقت مسجد میں ہی موجود تھے اور تقریباً 200 کے قریب لوگ نماز کی ادائیگی کے لیے موجود تھے، حملہ آور مسجد کے عقبی دروازے سے داخل ہوا اور کافی دیر تک فائرنگ کرتا رہا۔عینی شاہد نے کہا کہ اس کا دوست علاقے کی دوسری مسجد میں تھا جس نے اُسے فون کر کے بتایا کہ جس مسجد میں وہ ہے وہاں بھی ایک مسلح شخص نے اندھا دھند فائرنگ کی اور 5 لوگ جاں بحق ہوچکے ہیں۔ بنگلادیشی کرکٹر مشفق الرحیم نے اپنے ٹوئٹر بیان میں کہا کہ کرائسٹ چرچ کی مسجد میں فائرنگ ہوئی تاہم الحمد اللہ، اللہ نے ہمیں محفوظ رکھا، ہم بہت زیادہ خوش نصیب ہیں، دوبارہ اس طرح نہیں دیکھنا چاہتے، ہمارے لیے دعا کریں۔ بنگلادیشی ٹیم کے کرکٹر تمیم اقبال نے بھی ٹوئٹ کی اور بتایا کہ پوری ٹیم حملے میں محفوظ ہے، دعاؤں میں ہمیں یاد رکھیں۔