پشاور زلمی کا کراچی کنگز کو جیت کیلئے 204 رنز کا ہدف

کراچی: (کوہ نور نیوز) پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے 30 ویں میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو جیت کے لیے 204 رنز کا ہدف دیا ہے۔ نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پشاور کی جانب سے کامران اکمل اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے ٹیم کو 137 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔ کامران اکمل نے پاکستان میں اپنے 100 ویں انٹرنیشنل میچ کو یادگار بناتے ہوئے 86 رنز کی اننگز کھیلی۔ امام الحق نے بھی 59 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جب کہ کیرون پولارڈ اور صہیب مقصود نے 12، 12 اور وہاب ریاض نے 11 رنز بنائے۔ کراچی کنگز کی جانب سے محمد عامر نے تین اور کولن منرو نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ دونوں ٹیمیں پی ایس ایل پلے فور مرحلے کے لیے پہلے ہی کوالیفائی کر چکی ہیں جب کہ ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز ٹورمنٹ سے آؤٹ ہو چکے ہیں۔