پولیو کے قطرے نہ پلوانے پر اداکار فواد خان کے خلاف مقدمہ درج

لاہور: (کوہ نور نیوز) ضلعی انتظامیہ لاہور کے مطابق انسداد پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 6 افراد کے خلاف مقدمے درج کر لیے گئے۔ انتظامیہ کے مطابق پولیو کے قطرے نہ پلانے پر ٹی وی و فلم اداکار فواد خان کے خلاف بھی مقدمہ درج کروایا گیا۔ ترجمان ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فوادخان کے خلاف مقدمہ فیصل ٹاؤن تھانے میں درج کرایا گیا۔ ضلعی انتظامیہ نے 4 مقدمات تھانہ فیصل ٹاؤن اور 2 تھانہ ماڈل ٹاؤن میں درج کرائے۔ دوسری جانب ڈپٹی کمشنر لاہور صالحہ سعید کے مطابق اداکار فواد خان کے گھر سارا دن پولیو ویکسین پلانے والی ٹیم موجود رہی لیکن ان کی اہلیہ نے بیٹی کو پولیو کے قطرے نہیں پلانے دیئے۔ انہوں نے کہا کہ قطرے نہ پلانے پر گھر کے سربراہ فواد خان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے فوکل پرسن برائے پولیو بابر عطا کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر لاہور کے مطابق پولیو ٹیم فواد خان کی بیٹی کو قطرے پلانا چاہتی تھی لیکن پہلے ان کے ڈرائیور اور پھر فیملی نے بدسلوکی کی۔ انہوں نے کہا کہ فواد ہمارا فخر ہیں لہٰذا ان سے درخواست ہے کہ ٹیم کو قطرے پلانے کی اجازت دیں، لاہور میں گزشتہ ہفتے پولیو کا کیس رپورٹ ہوا ہے، اس لئے ہمیں بچوں کو محفوظ بنانا ہے۔