شیخ رشید ریلوے میں ہوئی کرپشن کے کیسز نیب کو بھیجیں، وزیراعظم

اسلام آباد: (کوہ نور نیوز) وزیراعظم عمران خان نے پاکستان ریلوے لائیو ٹریکنگ سسٹم اور تھل ایکسپریس کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہوئی جس میں وزیراعظم عمران خان، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ٹرین کے ذریعے عام آدمی سفر کرتا ہے اور ٹریکنگ سسٹم سے ریلوے مسافروں کیلئے آسانی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت میں 6 ماہ ہونے والے ہیں اور نئے پاکستان میں لوگوں کو غربت سے نکالنا چاہتے ہیں، پہلے سی پیک ایک سڑک اور چار پاور اسٹیشنوں کا نام تھا لیکن اب چین کے ساتھ متعدد شعبوں میں کام کریں گے۔ وزیراعظم کا وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کو مخاطب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ریلوے میں جو کرپشن اور چوری ہوئی اس کے کیسز نیب کو بھجوائیں۔ انہوں نے کہا کہ این آر او ون اور این آر او ٹو کے بعد کرپٹ لوگوں کا خوف ختم ہوگیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ماضی کی حکومت کے لئے گئے قرضوں کے باعث ہماری حکومت ایک دن کا سود 6 ارب روپے ادا کررہی ہے اور قرضوں کی قسط الگ دے رہیں ہیں، خزانے میں کچھ چھوڑ کر جاتیں تو حاجیوں کو مفت بھیج دیتے۔ وزیراعظم عمران خان نے شیخ رشید کو ہدایت دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ریلوے میں مزید خرچے کم کریں اور تمام وزارتوں کو کہا ہے کہ اپنے اخراجات کم کریں۔ انہوں نے کہا کہ گیس سیکٹر پر157 ارب روپے کے قرضے ہیں اور 50 ارب روپے کی سالانہ گیس کی چوری ہے لہٰذا گیس کی قیمتیں نہ بڑھاتے توگیس کمپنیاں بند ہوجاتیں۔