پی ایس ایل 4 کی ٹرافی کی دبئی میں رونمائی

دبئی: (کوہ نور نیوز) پی ایس ایل 4 کا باقاعدہ آغاز 14 فروری کو دبئی میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹیڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان میچ سے ہوگا جس کے لیے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔ دبئی اسٹیڈیم میں ایونٹ کی ٹرافی کی رونمائی تقریب میں چیئرمین پی سی بی احسان مانی، ایم ڈی پی سی بی وسیم خان، تمام فرنچائز مالکان اور دیگر مہمانوں نے شرکت کی۔ پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی، لاہور قلندرز کے محمدحفیظ ، کراچی کنگز کے عماد وسیم، ملتان سلطانز کے شعیب ملک اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان محمد سمیع نے مختلف ٹرافیوں کی رونمائی کی۔ پی ایس ایل 4 کی ٹرافی کی رونمائی کے بعد تمام ٹیموں کے کپتانوں نے اس کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔ ایونٹ میں شامل تمام ٹیموں کے کپتانوں نے چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر احسان مانی کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ کا اب تک کا سفر شاندار ہے، ایونٹ کی کامیابی میں فرنچائز اونرز، اسپانسرز اور سب سے زیادہ کردار کھلاڑیوں نے ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ 3 سال میں پاکستان سپر لیگ پاکستان کا قومی فخر بن چکا ہے، اس لیگ کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کو اپنا ہنر دکھانے کا موقع دینا ہے، پی ایس ایل ٹرافی پاکستان کی ثقافت اور روایات کے ساتھ اس کےمستقبل کی عکاس ہے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ گزشتہ برس میں منزل کے قریب پہنچ کر ہمت ہار جاتے رہے، اس بار مشن مکمل کرنے کی کوشش کریں گے۔ لاہور قلندرز کے کپتان محمد حفیظ نے کہا کہ گزشتہ ایڈیشنز میں کی جانے والی غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے اس بار پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر رہنے والی ٹیم کا ٹیگ اتارنے کی کوشش کریں گے۔ کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے کہا پی ایس ایل تھری میں انجری کی وجہ سے پورا ٹورنامنٹ نہیں کھیل پایا تھا، اس بار وسیم اکرم کی رہنمائی میں ٹائٹل کا خواب پورا کریں گے، پی ایس ایل کے پاکستان میں میچز انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں معاون ثابت ہوں گے۔ محمد سمیع نے کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت ملنا بڑے اعزاز کی بات ہے، اس بڑی ذمہ داری کو نبھاتے ہوئے ٹیم کو مسلسل دوسری بار ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کرنا چاہتا ہوں۔ ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک نے کہا کہ گزشتہ ایونٹ کے آغاز میں اچھی کارکردگی دکھائی، کوشش کریں گے کہ تسلسل برقرار رکھتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کریں۔ پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے کہا کہ ہر ٹیم اچھی نظر آ رہی ہے خاص طور پر لاہور قلندرز مضبوط سکواڈ ہیں، ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ یاد رہے کہ پی ایس ایل 4کے لاہور میں میچز 9، 10 اور 12 جبکہ کراچی میں7، 10، 13، 15 اور 17 مارچ کو شیڈول ہیں۔